سیتا مڑھی،5؍ستمبر (ایس او نیوز؍یواین آئی) بہار کی سیتامڑھی ڈویژنل جیل میں گذشتہ دنوں خطرناک قیدی پنٹو تیواری کی سالگرہ پارٹی منائے جانے کے معاملے میں جیل انسپکٹرجنرل (آئی جی) متھلیش مشرا کی ہدایت پر بدھ کے روز پنٹو سمیت 20 قیدیوں کو مرکزی جیل بھاگلپور بھیج دیا گیا۔
جیل کے سرکاری ذرائع نے یہاں بتایاکہ جیل انسپکٹرجنرل مشرا نے ڈویژنل جیل میں برتھ ڈے منائے جانے کے معاملوں کو سنجیدگی سے لیا ہے ۔ مشرا کی ہدایت پر پنٹو تیواری سمیت 20 قیدیوں کو بدھ کی صبح سخت سیکوریٹی کے درمیان بھاگلپور مرکزی جیل بھیجا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ مرکزی جیل بھیجے گئے قدیوں کی فہرست میں خونخوار سرویش داس کانام بھی شامل ہے۔
غور طلب ہے کہ سیتامڑھی ڈویژنل جیل میں خونخوار پنٹو تیواری کے ذریعہ گذشتہ 28 اگست کو برتھ ڈے منایا گیا تھا۔ جس میں قیدیوں کے ساتھ پنٹو نے کھانا کھایا اور گفٹ بھی لیا۔ اس معاملے میں خونخوار پنٹو تیواری سمیت 18 قیدیوں کے خلاف ڈمرا تھانہ میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
برتھ ڈے منائے جانے کی ویڈیو اگلے دن وائرل ہونے کے بعد مشرا نے جہاں سیتامڑھی جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو دو دن قبل معطل کر دیا تھا۔ اس سے قبل اس معاملے میں سات وارڈن کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پورے معاملے کی جانچ کھودی رام بوس مرکزی جیل ، مظفر پور کے سپرنٹنڈنٹ راجیو کمار کو سونپی گئی تھی ۔ کمار نے معاملے کی جانچ کی اور بارہ نکات پر اپنی رپورٹ جیل آئی جی کو سونپی تھی۔
پنٹو تیواری خونخوار بدمعاش مکیش پاٹھک گروہ کا شارپ شوٹر ہے ۔ اس پر دربھنگہ کے بہیڑی میں تعمیری کمپنی کے دو انجینئر کے قتل کا الزام ہے۔ پنٹو تیواری کو ایس ٹی ایف نے گیارہ اپریل 2016 کو پٹنہ کے کارگل چوک کے پاس گرفتار کیا تھا۔